نئی دہلی 23/اکتوبر (ایس او نیوز) کرناٹک کانگریس کے قد آور رہنما سابق ریاستی وزیر ڈی کے شیوکمار کو انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ کے ذریعے دائر منی لانڈرنگ معاملے میں بدھ کو دہلی ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ جسٹس سریش کیت نے کہا کہ کانگریس رہنماراحت پانے کے حقدار ہیں، کیونکہ ان کے خلاف ایسا کوئی ثبوت نہیں دکھایا گیا ہے جس سے ان کے بھاگنے کا خدشہ ہو۔انہوں نے کہا کہ شیوکمار ثبوتوں سےچھیڑچھاڑ نہیں کر سکتے کیونکہ دستاویزجانچ ایجنسیوں کے پاس ہیں۔ ساتھ ہی وہ اب اقتدار میں بھی نہیں ہیں اور یہ دکھانے کے لئے بھی کوئی ثبوت نہیں ہے کہ انہوں نے یاان کی فیملی کے ممبروں یا قریبی مددگاروں نے گواہوں کو متاثر کیا ہے۔
عدالت نے ان کو پوچھ تاچھ کے لئے دستیاب رہنے کو کہا اور اپناپاسپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت دی، جسٹس نے ہدایت دی کہ ان کو 25 لاکھ روپے کے نجی مچلکے اور اتنی ہی رقم کی دو ضمانتوں پر رہا کیا جائے۔ای ڈی نے 57 سالہ شیوکمار کو منی لانڈرنگ معاملے میں 3 ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔ وہ عدالتی حراست کے تحت تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ انہوں نے ضمانت نہ دینے کی نچلی عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
کرناٹک میں سات مرتبہ جیت درج کرکے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے ڈی کے شیوکمار سمیت نئی دہلی کے کرناٹک بھون کے ملازم ہنومنتھییا اور دیگر ملزمین کے خلاف منی لانڈرنگ روک تھام قانون کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔محکمہ ٹیکس نے ان کے خلاف کروڑوں روپیوں کے مبینہ ٹیکس چوری اور حوالہ لین دین معاملے میں گزشتہ سال بنگلور میں ایک اسپیشل عدالت میں فردجرم داخل کیا تھا، جس کی بنیاد پر انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا تھا۔
خیال رہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج بدھ کو ہی ڈی کے شیوکمار سے نئی دہلی کے تہاڑ جیل پہنچکر ملاقات کی ہے اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہےا۔کانگریس ذرائع کے مطابق، سونیا صبح تقریباً نو بجے تہاڑ جیل پہنچیں۔ ایک ذرائع نے بتایا کہ سونیا نے کرناٹک کے اس سینئر کانگریسی رہنما کی خیریت جانی اور کہا کہ پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔اس سے پہلے سونیا نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں گرفتار کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم سے بھی تہاڑ جیل پہنچکر ملاقات کی تھی۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ منگل کو سابق وزیرخزانہ پی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا معاملے میں سی بی آئی کے ذریعے درج مقدمہ میں ضمانت دے دی تھی۔ حالانکہ چدمبرم آئی این ایکس معاملے میں ہی انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ کے ذریعے درج ایک دیگر مقدمہ میں جیل میں بند ہیں، اس لئے سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعدبھی وہ جیل سے باہر نہیں آ سکتے ہیں۔ سی بی آئی نے 2007 میں بطور وزیر خزانہ چدمبرم کی مدت کار کے دوران آئی این ایکس میڈیا گروپ کوفارین انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ کے ذریعے305 کروڑروپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دئے جانے میں مبینہ بدانتظامی کو لےکر 15 مئی، 2017 کو ایک ایف آئی آر درج کیا گیا تھا۔